ملک کے مختلف علاقوں میں 11 مئی تک شدید گرمی کی لہر کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دادو، شہید بینظیرآباد، گھوٹکی، خیرپور، نوشہروفیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ، سکھر، سبی، تربت اور پنجگور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ ملتان اور ڈیرہ غازی خان سمیت جنوبی پنجاب، ڈیرہ اسماعیل خان میں پارہ 43 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، اسلام آباد، راولپنڈی،لاہور اور سیالکوٹ سمیت بالائی پنجاب میں درجہ حرارت 39 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہوسکتا ہے۔
ماہرین نے شدید گرمی کی لہر کے دوران شہریوں کو غیرضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلنے اور زیادہ سے زیادہ پانی اور مشروبات پینے کی ہدایت کی ہے۔