سعودی عرب کی وزارت صحت نے حجاج کرام کی رہنما کے لیے اردو سمیت 8 زبانوں میں آگاہی گائیڈ جاری کردی۔
سعودی وزارت صحت کے مطابق ”صحت مند حج” کے نعرے کے تحت حج کے لیے 8 زبانوں میں آگاہی گائیڈ جاری کرنے کا مقصد حجاج کرام میں احتیاطی تدابیر اور صحت سے متعلق شعور کو فروغ دینا ہے۔
سعودی وزارتِ صحت اور ادارہ ”وقایہ” کے مطابق گائیڈ عربی، انگریزی، فرانسیسی، اردو، فارسی، انڈونیشی، ترکی اور مالے زبان میں دستیاب ہے تاکہ مختلف ممالک سے آنے والے حجاج تک صحت کے پیغامات مؤثر انداز میں پہنچائے جا سکیں۔
گائیڈ میں حج کے سفر کے مختلف مراحل کے مطابق خصوصی معلومات فراہم کی گئی ہیں جن میں حج سے پہلے کی لازمی طبی ہدایات بھی شامل ہیں۔ گائیڈ میں حج کے دوران صحت کے تحفظ سے متعلق اہم موضوعات شامل کیے گئے ہیں جیسے شدید گرمی اور ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ، سانس کی بیماریوں کے پھیلاؤ کو کم کرنے کی احتیاطی تدابیر اور ہجوم والے مقامات پر صحت و سلامتی برقرار رکھنے کے طریقے۔
رہنما کتابچے میں ابتدائی طبی امداد سے متعلق ہدایات بھی دی گئی ہیں تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل کے طریقہ کار سے حجاج کو آگاہ کیا جا سکے۔