loader-image
Karachi, PK
temperature icon 27°C
13-May-2026 25-Zul Qa'dah-1447
×
loader-image
Karachi, PK
temperature icon 27°C
13-May-2026 25-Zul Qa'dah-1447

کراچی: سندھ کابینہ نے صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے حکومتِ پاکستان اور امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے درمیان پانچ سالہ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کی منظوری دے دی۔ معاہدے کے تحت صوبے میں ٹی بی، پولیو، حفاظتی ٹیکوں، بیماریوں کی نگرانی اور ڈیجیٹل ہیلتھ سسٹم کی بہتری پر مشترکہ کام کیا جائے گا۔

کابینہ سے بذریعہ سرکولیشن منظور کیے گئے فیصلے کے مطابق محکمہ صحت سندھ کو امریکی حکومت کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کی اجازت دے دی گئی ہے، تاہم معاہدہ پی سی ون کی منظوری اور فنڈز کی دستیابی سے مشروط ہوگا۔

حکام کے مطابق پانچ سالہ منصوبہ جولائی 2026 سے دسمبر 2030 تک جاری رہے گا، جس کے تحت ٹی بی سے اموات میں کمی، پولیو کے خاتمے، زچہ و بچہ کی صحت بہتر بنانے اور حفاظتی ٹیکوں کی شرح 95 فیصد تک بڑھانے کے اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔

منصوبے میں بیماریوں کی نگرانی، وباؤں کی بروقت نشاندہی، جدید لیبارٹری نظام، طبی سامان کی فراہمی، فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی استعداد بڑھانے اور سندھ ہیلتھ ڈیٹا سینٹر کے قیام جیسے اقدامات شامل ہیں۔

دستاویزات کے مطابق امریکہ اس منصوبے کے لیے پانچ سال میں 89 اعشاریہ 3 ملین ڈالر سے زائد معاونت فراہم کرے گا، جبکہ حکومت سندھ بھی اضافی فنڈز فراہم کرے گی۔

محکمہ صحت حکام کا کہنا ہے کہ اس اشتراک سے صوبے میں صحت عامہ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، بیماریوں کے مؤثر تدارک اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔

کابینہ نے منصوبے کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام مالی اور ترقیاتی امور متعلقہ فورمز کی منظوری اور قواعد کے مطابق مکمل کیے جائیں۔

تبصرہ کریں۔اور شئیر کریں

بلا جھجھک اپنے خیالات کا اشتراک کریں۔ برائے مہربانی بد زبانی استعمال کرنے سے گریز کریں۔