ہائی پروفائل “انمول پنکی ڈرگ کیس” میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے. تفتیشی اداروں نے ملزمہ انعم عرف انمول پنکی کی مبینہ جائیدادوں اور مالی اثاثوں کا سراغ لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم جلد متعلقہ سرکاری اداروں اور اتھارٹیز سے رابطہ کرے گی تاکہ انمول پنکی کے نام یا اس سے منسلک افراد کی ملکیت جائیدادوں کی تفصیلات حاصل کی جاسکیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ انمول پنکی کا مبینہ ڈرگ نیٹ ورک مختلف شہروں تک پھیلا ہوا تھا، جبکہ اطلاعات ہیں کہ اس کے زیر استعمال یا ملکیت میں کروڑوں روپے مالیت کے بنگلے اور دیگر قیمتی اثاثے بھی شامل ہیں۔

تحقیقاتی ذرائع کے مطابق اب تک کی پوچھ گچھ میں انمول پنکی سے زیادہ اہم معلومات حاصل نہیں ہوسکیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ملزمہ کی جانب سے مبینہ ڈرگ نیٹ ورک کے دیگر کارندوں اور سہولت کاروں کے حوالے سے بھی محدود معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ جس کے باعث تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق تفتیشی حکام اب مالی لین دین، جائیدادوں اور ممکنہ فرنٹ مین کے کردار کا بھی جائزہ لے رہے ہیں تاکہ نیٹ ورک کے مکمل ڈھانچے تک رسائی حاصل کی جاسکے۔ دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کیس کو حساس اور ہائی پروفائل قرار دیتے ہوئے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں۔