سعودی عرب نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری تنازع کو سفارتی راستے سے حل کرنے کی حمایت کرتے ہیں۔
سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں ہسپانوی ہم منصب ہوزے مینوئل البارس کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہا کہ سعودی عرب مشرق وسطیٰ میں تناؤ کم کرنے اور کشیدگی سے بچنے کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ ریاض نے جنگ سے قبل واشنگٹن اور تہران کے ساتھ رابطوں کے ذریعے خطے کو کشیدگی سے بچانے کی کوشش کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان کی ثالثی کی بھی حمایت کی اور علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے اور استحکام کو یقینی بنانے اور امن کے حصول کے لیے نمایاں سفارتی کوششیں کی ہیں۔
سعودی وزیر خارجہ نے آبنائے ہرمز میں بحری جہاز رانی کی 28 فروری سے پہلے والی صورتحال پر واپسی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز کی سلامتی اور جہاز رانی کی آزادی عالمی معیشت کے استحکام کی بنیاد ہے۔