عالمی ثالثی عدالت کا سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارتی موقف کیخلاف پاکستان کے حق میں فیصلہ
ہالینڈ میں دی ہیگ میں قائم ثالثی عدالت نے سندھ طاس معاہدے سے متعلق درخواست پر پاکستان کے حق میں فیصلہ سنا دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت پانی و بجلی کے ترجمان اور ایڈیشنل سیکرٹری سید مہر علی شاہ نےبتایا کہ ثالثی عدالت نے پاکستان کا موقف تسلیم کرتے ہوئے فیصلہ دیا ہے کہ بھارت یکطرفہ طور پرپانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش کا تعین نہیں کر سکتا۔ پاکستان نے بھارت کی پانی ذخیرہ کرنے کی وجوہات کو ’’مصنوعی‘‘ قرار دیا تھا۔
ثالثی عدالت میں بھارت کے رتلے ہائیڈرو الیکٹرک پلانٹ اور کشن گنگا ہائیڈرو الیکٹرک منصوبے کے ڈیزائن کے معاملے پر دلائل دیے گئے تھے۔ عدالت نے فیصلہ 15 مئی کو جاری کیا۔ پاکستان نے عدالت میں سندھ طاس معاہدے میں آنے والے دریاؤں پر بھارت کے پن بجلی منصوبوں کے لیے زیادہ پانی ذخیرہ کرنے کے طریقہ کار پر اعتراض اٹھایا تھا۔