وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) اینٹی کرپشن سرکل پشاور نے افغان شہریوں کو پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول میں مدد فراہم کرنے والے نیٹ ورک کے کارندوں کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل پشاورکے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایسے گروہ کے خلاف کامیاب انٹیلجنس بیسڈ کارروائی کی گئی جو افغان شہریوں کو جعلی طریقے سے پاکستانی شناختی کارڈز اور پاسپورٹ کے حصول میں مدد فراہم کررہا تھا۔ مقامی پولیس کے تعاون سے پشاور کے علاقے تاج آباد گلی نمبر 10 میں قائم ایک نجی ہاسٹل پر چھاپہ مارا گیا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق متعدد افراد نے مبینہ طور پر جعلی شناخت کے ذریعے پاکستانی شناختی کارڈز اور پاسپورٹس حاصل کیے جن کو بیرون ملک خصوصا سعودی عرب میں روزگار حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔ اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے ایجنٹس کو فی کس 25 لاکھ سے 28 لاکھ روپے تک کی بھاری رقوم ادا کیں جنہوں نے انہیں جعلی شناختی اور سفری دستاویزات کے حصول میں سہولت فراہم کی۔