پاکستان کی نامور اداکارہ صنم سعید نے کہا ہے کہ خواتین کو حقوق کے لیے آواز ضرور اٹھانا چاہیے لیکن ہر معاملے میں عورت کارڈ استعمال نہیں کرنا چاہیے۔
اداکارہ صنم سعید نے ایک یو ٹیوب چینل کے انٹرویو میں کہا کہ ملک میں خواتین کو تعلیم، وراثت، مساوی تنخواہ اور تحفظ جیسے بنیادی حقوق دلانے کی جدوجہد نہایت اہم ہے کیونکہ کئی خواتین آج بھی ان بنیادی سہولیات سے محروم ہیں تاہم بدقسمتی سے خواتین کے حقوق سے متعلق اصل مسائل پر توجہ دینے کے بجائے اب بحث کا رخ دیگر معاملات کی جانب موڑ دیا جاتا ہے جس سے حقیقی تبدیلی کا عمل متاثر ہوتا ہے۔
صنم سعید کا مزید کہنا تھا کہ خواتین کو صرف اس بنیاد پر مطالبات نہیں کرنے چاہئیں کہ وہ عورت ہیں بلکہ انہیں اپنے مؤقف کو ایک بنیادی حق کے طور پر پیش کرنا چاہیے اور اس کے لیے عملی جدوجہد کرنی چاہیے۔ حقوق کے لیے آواز ضرور اٹھائیں لیکن ہر معاملے پر عورت کارڈ استعمال کرنا بھی درست نہیں۔