پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر معروف کاروباری اور عالمی جریدے فوربس کی ’’30 انڈر 30 ایشیا 2026‘‘ فہرست کا حصہ بن گئیں، ہانیہ عامر کا نام انٹرٹینمنٹ اور اسپورٹس کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔
فوربز کی جانب سے ہر سال جاری ہونے والی 30 انڈر 30 ایشیا 2026 فہرست میں ایشیا کے اُن نوجوان افراد کو خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے جن کی عمر 30 برس سے کم ہو اور جنہوں نے اپنے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہوں۔ اس سال کی فہرست میں ہانیہ عامر کے علاوہ پاکستانی فلم ساز سمن کامران کا نام بھی شامل ہے۔
ہانیہ عامر گزشتہ ایک دہائی کے دوران پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی نمایاں اداکاراؤں میں شامل ہیں اور 2 کروڑ سے زائد فالوورز کے ساتھ انسٹاگرام پر پاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی خاتون شخصیت بن چکی ہیں۔
ہانیہ عامر کا سپر ہٹ ڈرامہ ’کبھی میں کبھی تم‘ پاکستان کے علاوہ بھارت اور بنگلا دیش میں بھی بہت مقبول ہوا ۔ ہانیہ جلد پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز ’’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘‘ میں بھی نظر آئیں گی۔ ہانیہ عامر پاکستان میں اقوام متحدہ کے خواتین کے ادارے کی نیشنل گڈول ایمبیسیڈر کی ذمے داریاں بھی نبھا رہی ہیں۔