انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے پاکستان کو ایک اور میگا ایونٹ کی میزبانی دے دی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق پاکستان ویمنز ٹی20 ورلڈکپ 2028 کی میزبانی کرے گا جس کی باقاعدہ منظوری حالیہ اجلاس میں دی گئی۔ اس سے قبل پاکستان چیمپئنز ٹرافی سمیت بڑے ایونٹس کی میزبانی بھی کر چکا ہے۔
ویمنز ٹی20 ورلڈکپ 2028 میں مجموعی طور پر 12 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے تحت 10 ٹیمیں براہِ راست کوالیفائی کریں گی جن میں 2026 ویمنز ٹی20 ورلڈکپ کی ٹاپ آٹھ ٹیمیں، میزبان ملک (اگر پہلے سے کوالیفائی نہ کرے) اور 6 رینکنگ میں اگلی سب سے اونچے درجے والی ٹیمیں شامل ہیں۔ باقی دو ٹیموں کا فیصلہ گلوبل کوالیفائر ٹورنامنٹ کے ذریعے کیا جائے گا جس میں مختلف ریجنل کوالیفائنگ ایونٹس بھی شامل ہوں گے۔
آئی سی سی کے مطابق بھارت کی ٹیم کے میچز نیوٹرل وینیو پر کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ٹورنامنٹ کی مکمل تفصیلات اور ریجنل الاٹمنٹ جولائی میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں طے کی جائیں گی۔