سندھ کے مختلف اضلاع میں مٹی کے طوفان اور موسلا دھار بارش سے معمولات زندگی متاثر ہوئے اور متعدد گرڈ اسٹیشنز سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
رپورٹس کے مطابق تیز ہواؤں اور مٹی کے طوفان کے باعث درخت اور بجلی کے تار گرنے اور سولر پلیٹس اڑنے کے واقعات سمیت دیگر حادثات میں 5 افراد زخمی ہوئے۔ نوابشاہ، شاہ پور چاکر اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ مٹی کا طوفان اور بارش ہوئی۔ مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی اور لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
کراچی کے بھی کچھ علاقے مٹی کے طوفان سے متاثر ہوئے جن میں اسکیم 33 شادمان ٹاؤن ملیر اورنگی ٹاؤن، بلدیہ گلشن معماراور بحریہ ٹاؤن شامل ہیں۔