بھارتی شہر حیدرآباد دکن میں آم کھانے کے بعد 17 سالہ لڑکی ہلاک ہوگئی جبکہ دیگر اہلخانہ اسپتال پہنچ گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ 17 سالہ لڑکی بھونیشوری اوراس کے گھر والوں نے آم کھائے جوان کے رشتے دار خرید کر گھر لائے گئے تھے۔ آم کھانے کے کچھ ہی دیر بعد اندومتی اور اس کی چار بیٹیوں کی طبیعت خراب ہونا شروع ہوئی اور انہیں مسلسل الٹیاں اور دست کی شکایت لاحق ہو گئی۔
رپورٹس کے مطابق متاثرہ افراد کو فوری طور پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے علاج شروع کیا تاہم 17 سالہ بھونیشوری دورانِ علاج دم توڑ گئی۔ باقی اہلخانہ کی حالت بعد میں بہتر ہو گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس بھی اسپتال پہنچ گئی اور ابتدائی کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ افراد کے بیانات قلمبند کیے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ یہ پتا لگایا جا سکے کہ یہ ایک حادثہ تھا یا اس کے پیچھے کسی ممکنہ مجرمانہ پہلو کا امکان موجود ہے۔