کل 313حادثات اور 574 زخمی؛ ہیوی ٹریفک کے 78 واقعات رپورٹ، اموات میں بھی 29 فیصد کمی
کراچی: شہر میں ٹریفک حادثات کی شرح میں کمی کے باوجود رواں سال کے دوران سینکڑوں شہری جان سے گئے۔کراچی ٹریفک پولیس کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 1 جنوری سے 17 جون 2026 تک کراچی میں 313 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے۔ جن میں کل 339 افراد جاں بحق اور 574 زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال 2025 کے اسی عرصے میں 447 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے تھے، جس کے مقابلے میں رواں سال حادثات کی تعداد میں 30 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسی طرح 2025 میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 477 افراد جاں بحق ہوئے تھے جبکہ 2026 میں یہ تعداد 339 رہی، یوں اموات میں 29 فیصد کمی دیکھی گئی۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال شہر میں ہیوی ٹریفک سے متعلق 78 حادثات بھی پیش آئے۔جو کراچی میں سڑکوں پر بھاری گاڑیوں کی نقل و حرکت اور ٹریفک نظم و ضبط کے حوالے سے بدستور تشویش کا باعث ہیں۔
اگرچہ حادثات اور اموات میں کمی ایک مثبت پیش رفت سمجھی جا رہی ہے، تاہم صرف ساڑھے پانچ ماہ کے دوران 339 اموات اور 574 زخمیوں کی تعداد اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ کراچی میں سڑکوں کی حفاظت، ٹریفک قوانین پر عمل درآمد اور ہیوی ٹریفک کی نگرانی کے شعبوں میں مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔