سوئٹزرلینڈ میں پاکستان، ایران، امریکا اور قطر کے درمیان ہونے والے مذاکرات ملتوی کردئیے گئے۔
سوئٹزرلینڈ کے وفاقی محکمہ برائے امورخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امریکا، ایران، پاکستان اور قطر کے درمیان شیڈول مذاکرات ملتوی ہو گئے ہیں تاہم سوئس حکام ان مذاکرات کے لیے اپنے تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ برگن شٹاخ میں اس سلسلے میں تیاریاں جاری ہیں تاہم فی الحال اس سے زیادہ معلومات فراہم نہیں کی جا سکتی ہیں۔اس سے قبل وائٹ ہاؤس نے بھی تصدیق کی تھی کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ایرانی حکام سے مذاکرات کے لیے جمعے کو سوئٹزرلینڈ نہیں جائیں گے تاہم اُن کے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان مزید تفصیلات ملنے پر ہی کیا جائے گا۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے میڈیا بریفنگ میں بتایا تھا کہ تکنیکی مذاکرات کو ابھی حتمی شکل نہیں دی گئی اور امریکی وفد کو جلد از جلد روانہ ہونے کے لیے تیار کیا گیا ہے تاہم ان مذاکرات کے آپریشنل اور لاجسٹک معاملات کو حتمی شکل نہیں دی جا سکی۔ لہذا امریکی نائب صدر جمعے کو سوئٹزر لینڈ نہیں جا سکیں گے۔