حکومت نے پاسپورٹ نظام کو مکمل طور پر آن لائن کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ پاسپورٹ کی ہوم ڈلیوری کا سسٹم بھی تیار کرلیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ہیڈکوارٹرز میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاسپورٹ کے اجرا کو مکمل طور پر ای پاسپورٹ پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ای پاسپورٹ پر مکمل منتقلی کے بعد اس ضمن میں فراڈ اور جعلسازی کا خاتمہ ہو جائے گا۔ یکم جولائی سے ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر میں کیش لیس نظام نافذ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں آن لائن پاسپورٹ درخواستوں کو پاک آئی ڈی کے پلیٹ فارم پر منتقل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ درخواستوں کے عمل کو مزید آسان اور مؤثر بنایا جا سکے۔ پریمیم سروسز حاصل کرنے والے شہریوں کے لیے فیصلہ کیا گیا کہ انہیں پاسپورٹ پر آنے والے اخراجات کے مطابق فیس ادا کرنا ہوگی۔ بیرون ملک اور اندرون ملک پاسپورٹ کی ہوم ڈلیوری کے لیے ابتدائی کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ شہریوں کو ان کی دہلیز پر پاسپورٹ فراہم کرنے کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔