کوئٹہ: تیزاب حملے میں زخمی ہونے والی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کو مزیدعلاج کے لیے بیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ حکومت بلوچستان نے ڈاکٹر کے علاج کے لیے بیرون ملک منتقلی کے انتظامات شروع کر دیے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون شاہد رند کے مطابق ڈاکٹر ماہ نور اس وقت کراچی کے آغا خان یونیورسٹی اسپتال میں زیر علاج ہیں، جہاں ابتدائی علاج مکمل ہونے کے بعد انہیں امریکا منتقل کیا جائے گا ۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر ماہ نور ناصر کو کوئٹہ کے سول اسپتال میں ڈیوٹی کے دوران تیزاب حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ واقعے کے بعد انہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی اور بعد ازاں بہتر علاج کے لیے کراچی منتقل کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق حملے کے نتیجے میں ڈاکٹر ماہ نور کے جسم کے مختلف حصوں پر جلنے کے زخم آئے۔ طبی ماہرین نے ان کی حالت کا جائزہ لینے کے بعد مزید پیچیدہ علاج اور ممکنہ تعمیر نو (ریکانسٹرکٹیو) سرجری کے لیے خصوصی سہولیات کی ضرورت پر زور دیا۔
حکومت بلوچستان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ماہ نور کو بہترین ممکنہ علاج فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں اور بیرون ملک علاج کے لیے ضروری کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔