سیاحت کے فروغ کے لیے متحدہ عرب امارات کی ائیرلائن نے مسافروں کو مفت فائیو اسٹار ہوٹل میں رہائش فراہم کرنے کی پیشکش کردی۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امارات ایئر لائن نے موسمِ گرما کے لیے خصوصی پیشکش کا اعلان کیا جس کے تحت دبئی جانے یا دبئی میں 24 گھنٹے سے زائد قیام کرنے والے مسافروں کو مفت فائیو اسٹار ہوٹل میں رہائش فراہم کی جائے گی۔
اس پیشکش سے فائدہ اٹھانے کے لیے مسافروں کو 22 جون سے 12 جولائی کے درمیان واپسی کے ٹکٹ بک کروانا ہوں گے جبکہ سفر 25 جون سے 30 ستمبر کے درمیان ہونا چاہیے۔ فرسٹ کلاس اور بزنس کلاس کے مسافروں کو دبئی کے معروف فائیو اسٹار ہوٹل میں 2 راتوں کا مفت قیام دیا جائے گا جبکہ پریمیئم اکانومی اور اکانومی کلاس کے مسافر ایک رات فائیو اسٹار ہوٹل میں مفت قیام کر سکیں گے۔
امارات ایئر لائن کے مطابق اس پیشکش کا مقصد دبئی میں سیاحت کو فروغ دینا اور مسافروں کو شہر میں زیادہ وقت گزارنے کی ترغیب دینا ہے۔ خصوصی رعایتی پروگرام کے ذریعے مسافروں کو 600 سے زائد ریسٹورنٹس، تفریحی مقامات، دکانوں اور اسپا مراکز میں خصوصی رعایت بھی حاصل ہو گی۔