کراچی: خیرپور کے کھیواری بلاک میں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی( او جی ڈی سی ایل) نے سہیٹو ون بلاک کے کنویں سے گیس کی پیدواری سرگرمیاں شروع کردی ہیں۔
او جی ڈی سی ایل کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکس چینج کو بھیجے گئے خط میں بتایا گیا ہے کہ سہیٹو ون کنواں ابتدائی طور پر یومیہ 6 ملین مکعب فٹ گیس کی پیداوار کررہا ہے تاہم او جی ڈی سی ایل مذکورہ کنویں کی پیداواری صلاحیت میں مرحلہ وار بنیادوں پر مزید اضافہ کرے گا۔
خط کے مطابق گیس کی ترسیل کے لیے 5 کلومیٹر طویل 6 انچ قطر کی فلو لائن بچھا دی گئی ہے، کنویں سے پیدا ہونے والی گیس سنجھورو پلانٹ میں پراسیسنگ کے بعد ایس ایس جی سی ایل نیٹ ورک میں شامل کی جارہی ہے۔