غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ۔سویڈن کی موسمیاتی و ماحولیات کی وزیر رومینا پورموختاری نے یورپی یونین کے اجلاس میں اپنے تین ماہ کے بیٹے ایڈم کو ساتھ لا کر ایک نئی مثال قائم کر دی۔.لکسمبرگ میں ہونے والے یورپی یونین کے وزرائے ماحولیات کے اجلاس کے دوران پہلی بار کسی بچے کی وزارتی اجلاس میں شرکت ریکارڈ کی گئی ہے۔
اس موقع پر 30سالہ رومینا پورموختاری نے کہا کہ ان کا مقصد یہ دکھانا ہے کہ خواتین کو ماں بننے اور اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے پر مجبور نہیں ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق بہتر والدین کی چھٹیوں کی پالیسی اور کام کے لچکدار ماحول سے خواتین قیادت کے کردار میں بھی فعال رہ سکتی ہیں۔
رومینا اجلاس میں اپنے بیٹے کو گود میں لیے شریک ہوئیں، جبکہ ان کے شوہر بھی بچے کی دیکھ بھال میں معاون تھے۔ سویڈن میں والدین کے لیے تقریباً 16 ماہ کی تنخواہ کے ساتھ والدین کی چھٹی کی سہولت موجود ہے، جس میں دونوں والدین کے لیے الگ وقت مختص کیا جاتا ہے۔
یورپی یونین حکام نے اس اقدام کو خاندانی زندگی اور سیاسی ذمہ داریوں میں توازن کی ایک علامت قرار دیا۔ رومینا پورموختاری کا کہنا تھا کہ وہ یہ پیغام دینا چاہتی ہیں کہ ایک شخص بیک وقت ذمہ دار وزیر اور ذمہ دار والدین بھی ہو سکتا ہے۔