پاکستان نے افغان سرحد کے قریب دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف کارروائیوں سے متعلق بھارت کے بیان کو ’’بے بنیاد اور مضحکہ خیز‘‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔
وزارت خارجہ کے رجمان ، طاہر اندابی کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے دیے گئے بیانات حقائق کے منافی ہیں اور ایسے دعوے خطے میں غلط تاثر پیدا کرنے کی کوشش ہیں۔ پاکستان نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے دہشت گرد عناصر کے خلاف اقدامات جاری رکھے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک ذمہ دار ریاست کا کردار ادا کر رہا ہے اور اپنی سرزمین کو کسی بھی قسم کی دہشت گرد سرگرمی کے لیے استعمال ہونے کی اجازت نہیں دیتا۔
بھارت کی جانب سے افغان سرحدی علاقے میں دہشت گردوں کے مبینہ ٹھکانوں کے خلاف کارروائیوں سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان نے کہا کہ اس معاملے پر بھارتی مؤقف حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی کوشش ہے۔
اسلام آباد نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے علاقائی تعاون اور مؤثر رابطے ضروری ہیں، جبکہ الزام تراشیوں سے امن و استحکام کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
پاکستانی حکام نے کہا کہ ملک اپنی خودمختاری، سرحدوں کے دفاع اور قومی سلامتی کے معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔