loader-image
Karachi, PK
temperature icon 31°C
16-Jul-2026
30-Muharram-1448
×
loader-image
Karachi, PK
temperature icon 31°C
16-Jul-2026
30-Muharram-1448

امریکی بحریہ کا ایک ہیلی کاپٹر بحیرۂ عرب میں ہنگامی طور پر سمندر میں اترنے کے بعد حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں ایک امریکی فوجی اہلکار لاپتا ہو گیا، جبکہ دیگر تین اہلکاروں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔

امریکی بحریہ کے سینٹرل کمانڈ اور پانچویں بحری بیڑے کے مطابق واقعہ بدھ کی صبح پیش آیا، جب طیارہ بردار بحری جہاز سی ہاک ہیلی کاپٹر نے بحیرۂ عرب میں ہنگامی واٹر لینڈنگ کی۔

بحریہ کے مطابق ہیلی کاپٹر میں چار اہلکار سوار تھے۔ ان میں سے تین کو فوری طور پر ریسکیو کر لیا گیا اور انہیں طیارہ بردار جہاز پر منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے، جبکہ چوتھا اہلکار تاحال لاپتا ہے اور اس کی تلاش کے لیے امریکی بحریہ کی جانب سے وسیع سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

امریکی حکام نے واضح کیا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں اس بات کے کوئی شواہد نہیں ملے کہ ہیلی کاپٹر کسی دشمن حملے یا فائرنگ کا نشانہ بنا۔ ان کے مطابق حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر طیارہ بردار جہاز جارج ڈبلو بش پر تعینات تھا، جو کئی ماہ سے مشرق وسطیٰ اور بحیرۂ عرب میں امریکی بحری کارروائیوں کا حصہ ہے۔ حالیہ ہفتوں میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی اور جنگ بندی کے باوجود امریکی بحریہ نے خطے میں اپنی موجودگی برقرار رکھی ہوئی ہے، جس کے باعث بحری اور فضائی آپریشنز مسلسل جاری ہیں۔

ماہرین کے مطابق ہیلی کاپٹر کی سمندر میں ہنگامی لینڈنگ انتہائی خطرناک سمجھی جاتی ہے، کیونکہ پانی میں اترتے وقت ہیلی کاپٹر کے الٹ جانے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے، جس سے عملے کے لیے بروقت انخلا مشکل ہو سکتا ہے۔

امریکی بحریہ کا کہنا ہے کہ لاپتا اہلکار کی تلاش اس وقت تک جاری رہے گی جب تک اس کا سراغ نہیں مل جاتا، جبکہ حادثے کی مکمل تحقیقات کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

تبصرہ کریں۔اور شئیر کریں