loader-image
Karachi, PK
temperature icon 29°C
15-Jul-2026
29-Muharram-1448
×
loader-image
Karachi, PK
temperature icon 29°C
15-Jul-2026
29-Muharram-1448

اسلام آباد: پاکستان محکمہ موسمیات نے ہائیڈرولوجیکل مشاہدات اور موسمیاتی ریکارڈ کے شعبے میں ایک اہم عالمی اعزاز حاصل کرلیا۔۔ عالمی ادارۂ موسمیات نے پاکستان کی8ہائیڈرولوجیکل آبزرویٹریز کو 100 سال سے زائد عرصے تک مسلسل ہائیڈرولوجیکل مشاہدات اور ریکارڈ محفوظ رکھنے کے اعتراف میں باضابطہ طور پر تسلیم کر لیا ہے۔

پاکستان محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق عالمی ادارۂ موسمیات اس اعزاز کے تحت محکمہ موسمیات کو خصوصی سرٹیفکیٹس اور پیتل کی یادگاری تختیاں بھی فراہم کرے گا، جو عالمی سطح پر ادارے کی خدمات اور پیشہ ورانہ معیار کا اعتراف ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق یہ عالمی منظوری ادارے کی ایک صدی پر محیط مسلسل خدمات، معیاری ہائیڈرولوجیکل ڈیٹا کی حفاظت اور جدید سائنسی اصولوں کے مطابق ریکارڈ کی نگہداشت کا اعتراف ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ پاکستان میں محفوظ کیے جانے والے ہائیڈرولوجیکل ریکارڈ نہ صرف قومی سطح پر آبی وسائل کے بہتر انتظام میں معاون ثابت ہوتے ہیں بلکہ موسمیاتی تبدیلی، سیلاب، خشک سالی اور دیگر قدرتی آفات سے متعلق تحقیق اور پیش گوئی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہائیڈرولوجیکل آبزرویٹریز سے حاصل ہونے والا ڈیٹا دریاؤں کے بہاؤ، بارشوں، زیرِ زمین پانی اور آبی ذخائر کی صورتحال کا جائزہ لینے میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ یہی معلومات حکومت، تحقیقاتی اداروں اور منصوبہ سازوں کو مؤثر فیصلے کرنے، آبی وسائل کے پائیدار استعمال اور قدرتی آفات کے خطرات کم کرنے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔

محکمہ موسمیات نے اس کامیابی کو اپنے افسران، سائنس دانوں اور تکنیکی عملے کی انتھک محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی خدمت کے جذبے کا نتیجہ قرار دیا۔ اعلامیے کے مطابق ادارہ گزشتہ کئی دہائیوں سے ملک بھر میں موسمیاتی اور ہائیڈرولوجیکل مشاہدات کو عالمی معیار کے مطابق محفوظ کرنے اور قابلِ اعتماد موسمیاتی خدمات فراہم کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق عالمی ادارۂ موسمیات کی جانب سے اس نوعیت کی منظوری کسی بھی ملک کے سائنسی ریکارڈ کی مستند حیثیت اور ڈیٹا کے تسلسل کی علامت سمجھی جاتی ہے، جو مستقبل میں موسمیاتی تحقیق، پانی کے وسائل کی منصوبہ بندی اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی حکمت عملی کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔

پاکستان محکمہ موسمیات نے اس اعزاز کو ملک کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ادارہ مستقبل میں بھی عالمی معیار کے مطابق موسمیاتی اور ہائیڈرولوجیکل خدمات کی فراہمی، جدید تحقیق اور قومی و بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

تبصرہ کریں۔اور شئیر کریں