کراچی میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے جاں بحق نوجوان کی بیوہ نے 13 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے نوجوان کی موت کے بعد نوجوان کی بیوہ نے کراچی کی سٹی کورٹ میں سینئر سول جج شرقی کے روبرو ٹینکر مالک اور ڈرائیور کے خلاف 13 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ کردیا۔
درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے مطابق جان لیوا حادثات ایکٹ کے تحت 13 کروڑ روپے سے زائد ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مارچ 2026 میں چمرا چورنگی کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے نوجوان کو کچل دیا تھا۔
وکیل کے مطابق میڈیکل رپورٹ میں تصدیق کی گئی ہے کہ طلحہ ظہیر کی موت حادثے میں لگنے والی شدید چوٹوں کے باعث ہوئی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ متوفی اپنے خاندان کا واحد کفیل تھا اور اس کی وفات کے بعد اہل خانہ شدید اور مستقل مالی مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل کا مزید کہنا ہے کہ جان لیوا حادثات ایکٹ کے تحت ٹینکر مالک اور ڈرائیور قانونی طور پر معاوضہ ادا کرنے کے ذمہ دار ہیں۔