پاکستان میں خون کے موروثی امراض، خصوصاً تھیلسمیا کی روک تھام کے لیے نادرا نے ایک اہم اور منفرد اقدام کا آغاز کر دیا ہے۔ کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی (CSR) کے تحت منتخب نادرا مراکز پر شہریوں کے لیے رضاکارانہ اور مفت تھیلسمیا اسکریننگ کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔
نادرا حکام کے مطابق شناختی دستاویزات بنوانے کے لیے آنے والے شہری اگر چاہیں تو کسی بھی اضافی فیس کے بغیر تھیلسمیا ٹیسٹ کروا سکیں گے، جبکہ ٹیسٹ کی رپورٹ بھی مختصر وقت میں فراہم کی جائے گی۔
پہلے مرحلے میں یہ سہولت سکھر، لاڑکانہ اور نواب شاہ کے نادرا مراکز میں شروع کی گئی ہے، جبکہ کراچی میں سرجانی ٹاؤن، شیر شاہ، ڈیفنس اور نارتھ ناظم آباد کے مراکز پر بھی تھیلسمیا اسکریننگ کی سہولت دستیاب ہوگی۔نادرا کے مطابق اس پروگرام کا مقصد عوام میں تھیلسمیا سے متعلق آگاہی بڑھانا اور بروقت تشخیص کے ذریعے مستقبل میں اس موروثی بیماری کے پھیلاؤ کی روک تھام میں مدد فراہم کرنا ہے۔


اس منصوبے میں سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی بھی نادرا کے ساتھ تعاون کر رہی ہے، جبکہ سندھ حکومت پہلے ہی لازمی تھیلسمیا اسکریننگ سے متعلق قانون سازی کر چکی ہے تاکہ آئندہ نسلوں کو اس بیماری سے محفوظ بنایا جا سکے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ شادی سے قبل یا بروقت تھیلسمیا اسکریننگ سے اس مرض کے نئے کیسز میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے، اور نادرا کا یہ اقدام اسی قومی مقصد کے حصول کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔