شارجہ سے کراچی آنے والا کارگو طیارہ کراچی کے قریب سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں عملے کے پانچ افراد جاں بحق ہو گئے ۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ایوی ایشن ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب بوئنگ 737 طیارہ شارجہ سے سامان لے کر کراچی کی طرف آ رہا تھا اور رات کے وقت اس کا رابطہ اچانک منقطع ہو گیا۔حکام نے تصدیق کی ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے عملے کے تمام پانچوں ارکان پاکستانی شہری تھے جو اس حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق اس پرواز نے مقامی وقت کے مطابق منگل کی رات نو بج کر 18 منٹ پر نیوی گیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دی تھی جس کے بعد کراچی ایریا کنٹرول سینٹر (اے سی سی) نے فوری طور پر طیارے کی رہنمائی کی۔
بیان کے مطابق رات 9 بج کر 21 منٹ پر ریڈار پر طیارہ تیزی سے نیچے آتا ہوا نظر آیا اور اس کا رخ اچانک تبدیل ہوتا دیکھا گیا جس کے بعد کراچی سے تقریباً 155 ناٹیکل میل مغرب میں طیارے سے ریڈار اور مواصلاتی رابطہ منقطع ہو گیا۔