بالی ووڈ مشہور اداکار راجیش شرما کو نئی فلم کی شوٹنگ کے دوران زہریلے کیڑے نے کاٹ لیا جس کے بعد ان کی حالت تشویش ناک ہے۔راجیش شرما کو کولکتہ کے اسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجیش شرما کے اہلخانہ کی جانب سے سوشل میڈیا پرجاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ حیدرآباد کی راموجی فلم سٹی میں پیش آیا جہاں پربھاس کی فلم کی شوٹنگ جاری تھی۔ پیک اپ کے بعد راجیش شرما گھنی جھاڑیوں کے قریب مقامی تکنیکی عملے کے ساتھ گفتگو کر رہے تھے جب انہیں کسی کیڑے نے کاٹا۔ اس وقت انہوں نے اسے معمولی سمجھا اور فوری طبی امداد نہیں لی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کیڑے کے کاٹنے کے 6 گھنٹے بعد اداکار کی دائیں ٹانگ میں شدید درد شروع ہوا اور وہ حالت خراب ہونے کے باوجود کولکتہ کی فلائٹ میں سوار ہو گئے جہاں سفر کے دوران انہیں تیز بخار ہو گیا اور طبیعت مزید بگڑ گئی۔
ڈاکٹرز کے مطابق زہر کا انفیکشن راجیش شرما کے پیر کی انگلیوں سے لے کر گھٹنے تک پھیل چکا ہے اور ٹانگ پر بڑے بڑے چھالے بن گئے ہیں۔ انہیں سانس لینے میں بھی شدید دشواری کا سامنا ہے۔ انفیکشن کی وجہ سے ٹانگ میں خون کا لوتھڑا بن سکتا ہے جو اگر پھیپھڑوں تک پہنچ گیا تو جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔