کراچی: پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی اور پاک بحریہ نے مشترکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے دوران سمندر میں حادثے کا شکار ہونے والی ایرانی کارگو لانچ “الحمدان یعقوب” کے تمام 20 افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا۔
حکام کے مطابق ایرانی کارگو لانچ کراچی سے ایران جا رہی تھی کہ خراب موسم اور بلند سمندری لہروں کے باعث رأس ملان سے تقریباً 13 ناٹیکل میل کے فاصلے پر حادثے کا شکار ہو کر ڈوب گئی۔ لانچ میں سوار تمام افراد نے بروقت لائف رافٹ کا استعمال کرتے ہوئے خود کو محفوظ رکھا اور امداد کا انتظار کیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نے فوری طور پر مشترکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ ریسکیو ٹیموں نے خراب موسمی حالات اور بلند لہروں کے باوجود مختصر وقت میں متاثرہ مقام تک رسائی حاصل کی اور لانچ میں سوار تمام 20 افراد کو بحفاظت نکال لیا۔
ریسکیو کیے گئے تمام افراد کو نیول بیس ماوڑہ منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی معائنہ، ابتدائی طبی امداد اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ حکام کے مطابق تمام افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی اور پاک بحریہ نے اس کامیاب آپریشن کو بروقت ردعمل، پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر باہمی تعاون کا نتیجہ قرار دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ جون اور جولائی کے دوران سمندر میں خراب موسم اور بلند لہروں کے باوجود سرچ اینڈ ریسکیو کی استعداد کو برقرار رکھا گیا، جس کے باعث ایک بڑے انسانی المیے سے بچاؤ ممکن ہوا۔
بحری حکام نے سمندر میں سفر کرنے والے جہازوں اور کشتیوں کو موسمی انتباہات پر عمل کرنے، حفاظتی سامان کی دستیابی یقینی بنانے اور خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔