اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی خصوصی ہدایت پر وفاقی اردو یونیورسٹی آف آرٹس، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے اساتذہ اور ملازمین کی تنخواہوں اور واجبات کی ادائیگی کے لیے 50 کروڑ 76 لاکھ روپے کی گرانٹ جاری کر دی گئی ہے۔
اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گرانٹ کی رقم وفاقی اردو یونیورسٹی کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے تاکہ اساتذہ اور ملازمین کی طویل عرصے سے زیر التوا تنخواہوں اور واجبات کی ادائیگی ممکن بنائی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی اردو یونیورسٹی کے اساتذہ اور ملازمین کے وفود نے حال ہی میں وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی تھی، جس میں جامعہ کو درپیش مالی بحران، تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور دیگر انتظامی مسائل سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے فوری اقدامات کی یقین دہانی کرائی تھی۔
وفاقی وزیر نے وائس چانسلر کو ہدایت کی کہ تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنایا جائے، طلبہ کی انرولمنٹ میں اضافہ کیا جائے اور جامعہ میں تعلیمی ماحول کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزارتِ وفاقی تعلیم وفاقی اردو یونیورسٹی کے مالی اور انتظامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی تاکہ تعلیمی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہیں اور طلبہ کی تعلیم متاثر نہ ہو۔
جاری کی گئی گرانٹ سے وفاقی اردو یونیورسٹی کو درپیش فوری مالی مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی جبکہ اساتذہ و ملازمین کی تنخواہوں اور بقایا واجبات کی ادائیگی بھی ممکن ہو سکے گی۔