اداکار فیصل قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت نہیں چاہتا کہ پاکستانی مواد نیٹ فلکس پر آئے۔
فیصل قریشی نے ایک پوڈکاسٹ میں پاکستانی ڈراموں اور فلموں کی نیٹ فلکس پر عدم موجودگی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ سچ کہوں تو بھارتی پاکستانی مواد کو نیٹ فلکس پر نہیں آنے دینا چاہتے۔ نیٹ فلکس ایسے مواد کو ترجیح دیتا ہے جو کسی بھی ملک کے معاشرے کے مثبت اور منفی دونوں پہلوؤں کو حقیقت کے مطابق پیش کرے۔
فیصل قریشی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں فلم ساز ہر حقیقت کھل کر نہیں دکھا سکتے کیونکہ اگر کوئی ملک کی مکمل تصویر پیش کرے تو بعد میں اس کے لیے پاکستان میں رہنا مشکل ہو سکتا ہے۔ پاکستانی مواد کی نیٹ فلکس پر عدم موجودگی کی ایک اور اہم وجہ پاکستان میں نیٹ فلکس کی کم تجارتی اہمیت ہے۔
اداکار نے کہا کہ پاکستانی اپنی ذاتی سبسکرپشن خریدنے کے بجائے دوستوں یا بیرونِ ملک مقیم رشتے داروں کے اکاؤنٹس استعمال کرتے ہیں یا ایک ہی سبسکرپشن کئی افراد کے درمیان شیئر کی جاتی ہے۔اس صورتِ حال میں نیٹ فلکس کو پاکستان سے وہ مالی فائدہ نہیں ملتا جو بھارت جیسی بڑے مارکیٹ سے حاصل ہوتا ہے۔