معروف اداکارعدنان صدیقی نے اپنی بیٹی کی گریجویشن کے موقع پر ایک جذباتی پیغام شیئر کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں کئی لمحے انسان کے چہرے پر مسکراہٹ بکھیر دیتے ہیں، مگر کچھ لمحے ایسے بھی ہوتے ہیں جب دل بے اختیار “الحمدللہ” کہہ اٹھتا ہے، اور اپنی اولاد کو گریجویشن کرتے دیکھنا انہی خاص لمحات میں سے ایک ہے۔
انہوں نے کہا کہ والدین برسوں تک اپنی اولاد کے لیے فکرمند رہتے ہیں، ان کے لیے قربانیاں دیتے ہیں، رہنمائی کرتے ہیں اور اکثر یہ سوچتے ہیں کہ آیا وہ اپنی ذمہ داریاں صحیح طریقے سے نبھا رہے ہیں یا نہیں۔ لیکن ایسے دن اس بات کا احساس دلاتے ہیں کہ ہر بے خوابی، ہر مشکل گفتگو اور شفقت، نظم و ضبط اور ثابت قدمی کا ہر سبق رائیگاں نہیں گیا۔
عدنان صدیقی نے تمام والدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ صرف بچوں کی تعلیم میں ہی نہیں بلکہ ان کے کردار کی تعمیر میں بھی سرمایہ کاری کریں، کیونکہ ڈگریاں مواقع فراہم کرتی ہیں، مگر عاجزی، ہمدردی اور دیانت داری ہی انسان کو حقیقی کامیابی تک پہنچاتی ہیں۔