پاکستان کرکٹ ٹیم کے بائیں ہاتھ کے اسپنر محمد نوازکو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) اینٹی ڈوپنگ کوڈ کی خلاف ورزی کا مرتکب قراردے کر 3 ماہ کی پابندی عائد کر دی گئی۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پابندی کا اطلاق یکم مئی 2026 سے تصور کیا جائے گا۔ منشیات استعمال سے متعلق علاج پروگرام مکمل کرنے کی صورت میں محمد نواز پر عائد پابندی 3 ماہ سے کم ہو کر ایک ماہ رہ جائے گی۔
محمد نواز یکم مئی سے رضاکارانہ عارضی معطلی کا سامنا کر رہے تھے۔ ڈھائی ماہ کی معطلی مکمل ہونے کے بعد ان کی پروویژنل سسپنشن ختم کر دی گئی۔ آ ئی سی سی کے مطابق اگر محمد نواز مقررہ علاج پروگرام کامیابی سے مکمل کر لیتے ہیں تو انہیں مزید کسی اضافی پابندی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا،
اینٹی ڈوپنگ کوڈ کے تحت محمد نواز کے 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف میچ اور اس کے بعد یکم مئی 2026 تک کھیلے گئے تمام میچز کے ریکارڈز کالعدم قرار دے دیے گئے۔محمد نواز کا ڈوپ ٹیسٹ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں نیدرلینڈز کے خلاف میچ کے بعد لیا گیا تھا۔ رپورٹ میں ممنوعہ مادہ کاربوکسی ٹی ایچ سی کی موجودگی سامنے آئی تھی۔ بیتس سالہ محمد نواز نے اینٹی ڈوپنگ ضابطے کی خلاف ورزی کا اعتراف کیا تھا۔
محمد نوازکا موقف تھا کہ ممنوعہ مادہ مقابلوں سے باہر استعمال کیا گیا اور اس کا کھیل میں کارکردگی بہتر بنانے سے کوئی تعلق نہیں تھا۔