افغان شہریوں کو جعلی دستاویزات بنا کر دینے کے معاملے میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی( نادرا) کے افسران 4 ملازمین کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کراچی میں نادرا افسران سمیت 4 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا انعام الحق، ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا فیاض احمد، چوکیدار نادرا جنید احمد اور محمد عمر شاہ شامل ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر افغان شہریوں کے لیے جعلی شناختی دستاویزات کے اجرا، ریکارڈ میں ردوبدل اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں سہولت کاری میں ملوث تھے۔ ملزمان کے دہشتگرد عناصر سے روابط کی نشاندہی بھی ہوئی ہے۔ کارروائی کے دوران اہم ریکارڈ اور دیگر شواہد قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔