بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے نئی دہلی کے جنتر منتر میں جاری طلبا کے احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے تعلیمی نظام میں اصلاحات کے مطالبے کو جائز قراردے دیا۔
اداکارسلمان خان نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ یہ احتجاج ابتدا میں نہایت پرامن تھا لیکن افسوس ہے کہ بعد میں اس نے پُرتشدد رخ اختیار کر لیا۔ انہوں نے احتجاج کے دوران زخمی ہونے والے طلبا اور ان کے اہلِ خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دل ان تمام متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔
اداکار نے کہا کہ امتحانی پرچہ لیک ہونا ایک نہایت سنگین مسئلہ ہے تاہم انہیں خوشی ہے کہ ملک بھر کے نوجوان ایک بہتر اور شفاف تعلیمی نظام کے لیے متحد ہوئے ہیں۔ انہوں نے طلبا کے والدین کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے اپنے بچوں کا ساتھ دیا۔احتجاج کا یہی پُرامن اور جمہوری طریقہ درست راستہ ہے اور نوجوانوں نے نہایت جرات اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے لیے اس نسل کا جذبہ مستقبل میں ملک کا نام روشن کرے گا۔