loader-image
Karachi, PK
temperature icon 29°C
4-Aug-2026
19-Safar-1448
×
loader-image
Karachi, PK
temperature icon 29°C
4-Aug-2026
19-Safar-1448

بھارت میں امتحانی پرچوں کے لیک ہونے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف طلبہ کا زبردست احتجاج رنگ لے آیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کو مجبورا ملوث افراد کو سخت سزا دینے اور مقدمات کی فوری سماعت کے لیے فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کرنے کا اعلان کرنا پڑا۔

وزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ نوجوانوں کا مستقبل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور امتحانی نظام میں دھوکہ دہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا، “ہمارے نوجوانوں کی فلاح اور مستقبل سے بڑھ کر کوئی چیز اہم نہیں۔ سوالیہ پرچوں کے لیک ہونے میں ملوث افراد کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔”

مودی نے اعلان کیا کہ حکومت امتحانی فراڈ اور پرچہ لیک کرنے والے عناصر کے خلاف مقدمات کی فوری سماعت کے لیے خصوصی فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کرے گی تاکہ ذمہ داروں کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

وزیراعظم کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امتحانی بے ضابطگیوں کے خلاف ملک بھر میں طلبہ کے احتجاج میں شدت آ رہی ہے۔ بدھ کے روز ہزاروں طلبہ اور نوجوان مظاہرین نے نئی دہلی میں احتجاجی ریلی نکالی، جس کی قیادت سوشل میڈیا سے ابھرنے والی “کاکروچ جنتا پارٹی ” نامی تحریک نے کی۔

مظاہرین نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ بار بار پرچے لیک ہونے سے لاکھوں طلبہ کی محنت ضائع ہو رہی ہے اور میرٹ کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ امتحانی نظام کو شفاف بنایا جائے اور ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

احتجاج کے دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں، جس کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے متعدد مقامات پر مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے کارروائی کی۔ اگرچہ حکام نے گرفتار افراد کی تعداد یا زخمیوں کی تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان کشیدگی دیکھی جا سکتی ہے۔

یہ حالیہ مظاہرے وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کے لیے ایک نئے سیاسی چیلنج کے طور پر دیکھے جا رہے ہیں، کیونکہ امتحانی پرچوں کے بار بار لیک ہونے کے واقعات نے لاکھوں طلبہ اور ان کے خاندانوں میں شدید بے چینی پیدا کر دی ہے۔

تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ حکومت کی جانب سے سخت سزاؤں اور فاسٹ ٹریک عدالتوں کا اعلان ایک اہم قدم ہے، تاہم مستقل حل کے لیے امتحانات کے پورے نظام میں شفافیت، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور نگرانی کے مؤثر نظام کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق مودی کا حالیہ بیان اس معاملے پر ان کا پہلا براہ راست ردعمل ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ حکومت طلبہ کے بڑھتے ہوئے غم و غصے اور عوامی دباؤ کو سنجیدگی سے لے رہی ہے۔ تاہم حکومت کے لیے اصل امتحان یہ ہوگا کہ وہ اپنے اعلانات پر کس حد تک مؤثر عمل درآمد کر پاتی ہے اور کیا اس کے نتیجے میں امتحانی نظام پر طلبہ کا اعتماد بحال ہو سکے گا۔

تبصرہ کریں۔اور شئیر کریں