loader-image
Karachi, PK
temperature icon 27°C
31-Aug-2026
16-Rabi' al-Awwal-1448
×
loader-image
Karachi, PK
temperature icon 27°C
31-Aug-2026
16-Rabi' al-Awwal-1448

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے بحیرۂ احمر میں سعودی آئل ٹینکروں پر حوثیوں کے حملے کی شدید مذمت کی اور سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا.

دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو میں خطے کی تازہ سیکیورٹی صورتحال، بحیرۂ احمر میں تجارتی جہاز رانی کو درپیش خطرات اور مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کسی بھی حملے کو ناقابلِ قبول سمجھتا ہے اور برادر ملک کے ساتھ ہر مشکل گھڑی میں کھڑا رہے گا۔ ؎

وزیراعظم نے بحیرۂ احمر میں تجارتی آئل ٹینکروں کو نشانہ بنانے کے حالیہ حملے کو عالمی تجارت، توانائی کی ترسیل اور بین الاقوامی جہاز رانی کی آزادی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسے اقدامات نہ صرف خطے کے امن و استحکام بلکہ عالمی معیشت کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے، مذاکرات، سفارت کاری اور پرامن حل کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جن سے خطے میں مزید عدم استحکام پیدا ہو۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کی جانب سے اظہارِ یکجہتی اور حمایت پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

واضح رہے کہ یمن کے حوثی باغیوں نے بحیرۂ احمر میں دو سعودی آئل ٹینکروں کو میزائلوں اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ سعودی حکام کے مطابق ایک آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی تھی تاہم عملے کے تمام ارکان محفوظ رہے، جبکہ اس حملے کے بعد بحیرۂ احمر میں عالمی تجارتی جہاز رانی اور تیل کی ترسیل کے حوالے سے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔ (Reuters)

تبصرہ کریں۔اور شئیر کریں