امریکا میں بند گوبھی کے پتوں (آئس برگ لیٹیوس) میں خطرناک جرثومے کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بند گوبھی کے پتوں میں خطرناک جرثومے کی موجودگی کا پتا چلنے کے بعد امریکی محکمہ صحت کے حکام نے عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی ۔
امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمینسٹریشن اور دیگر متعلقہ اداروں نے سائیکلوسپورا نامی جرثومے کے پھیلاؤ پر درآمد شدہ آئس برگ لیٹیوس سے متعلق الرٹ جاری کیا۔
رپورٹس کے مطابق ایف ڈی اے کی تحقیقات کے دوران کچھ فارمزکی فراہم کردہ کٹی ہوئی آئس برگ لیٹیوس کے نمونے میں سائیکلوسپورا نامی طفیلیہ دریافت ہوا جو سائیکلوسپوریاسس نامی معدے کی بیماری کا باعث بنتا ہے۔ یہ انفیکشن آلودہ خوراک یا پانی کے ذریعے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ امریکا میں اس بیماری سے اب تک ہزاروں افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ آئس برگ لیٹیوس عام طور پر برگر، سینڈوچ اور سلاد میں استعمال کی جاتی ہے جس کے باعث اس کے ذریعے انفیکشن پھیلنے کا خدشہ زیادہ ہوتا ہے۔