پاکستان میں ڈیجیٹل اور فری لانسنگ کے شعبے میں خواتین کی شمولیت مردوں سے 50فیصد کم ہے۔
مشال پاکستان کی جانب سے جاری ‘ پاکستان فریڈم رپورٹ ‘ کے مطابق پاکستان میں فری لانسنگ کے شعبے میں مردوں کی شرکت 75 سے 80 فیصد جبکہ خواتین کی شرح صرف 20 سے 25 فیصد ہے۔پاکستان میں خواتین کو ڈیجیٹل شعبے میں عدم مساوات کا سامنا ہے۔ فری لانسنگ اور معاشی سرگرمیوں میں ڈیجیٹل شرکت کے حوالے سے مرد اور خواتین میں 50 فیصد سے زیادہ کا فرق ہے۔
رپورٹ کے مطابق وسیع تر ڈیجیٹل رسائی کے اشاریوں کے مطابق خواتین کے ذاتی موبائل فون یا اسمارٹ فون رکھنے، باقاعدگی سے انٹرنیٹ استعمال کرنے یا ڈیجیٹل پلیٹ فارمز تک مؤثر رسائی حاصل کرنے کے امکانات مردوں کے مقابلے میں تقریباً 20فیصد کم ہیں۔ ڈیجیٹل اشاریوں کے تفصیلی تجزیے سے ظاہر ہوتا ہے کہ موبائل فون رکھنے کی شرح مردوں میں 85فیصد ہے جبکہ خواتین میں یہ شرح 65فیصد ہے۔ یعنی دونوں کے درمیان 20فیصد پوائنٹس کا فرق موجود ہے۔
اسمارٹ فون رکھنے کی شرح مردوں میں60 فیصد ہے جبکہ خواتین میں یہ شرح 35 سے 40 فیصد کے درمیان ہے جس سے دونوں کے درمیان 20 سے 25 فیصد پوائنٹس کا فرق ظاہر ہوتا ہے۔