پاکستان کی معروف کوہ پیما اور ٹریل رنر انعم عزیر نے ملک کی پہلی 100 کلومیٹر گلیات ماؤنٹین ٹریل الٹرا میراتھون جیت کر تاریخ رقم کر دی۔
یہ پاکستان کی پہلی 100 کلومیٹر ٹریل الٹرا میراتھون تھی، جس میں دشوار گزار پہاڑی راستوں، گھنے جنگلات اور سخت موسمی حالات کے باوجود انعم عزیر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
کامیابی کے بعد انعم عزیر نے اپنی جیت پاکستان کی خواتین، خصوصاً خواتین رنرز کے نام کرتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کریں گی اور مزید مشکل چیلنجز قبول کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ریس کے دوران خراب موسم، آسمانی بجلی اور جنگلی حیات جیسے خطرات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم حوصلے، محنت اور عزم کی بدولت انہوں نے ریس کامیابی سے مکمل کی۔
گلیات ماؤنٹین ٹریل کو پاکستان کی پہلی بین الاقوامی معیار کی 100 کلومیٹر ٹریل ریس قرار دیا جا رہا ہے، جو ملک میں ایڈونچر اسپورٹس اور ٹریل رننگ کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔