پاکستان کے فاسٹ بولرز محمد عباس اور خرم شہزاد کو ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران جارحانہ انداز میں جشن منانا مہنگا پڑ گیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے محمد عباس اور خرم شہزاد کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹرینیڈاڈ کے شہر ٹاروبا میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران وکٹ لینے کے بعد جارحانہ انداز میں جشن منانے پر ایک، ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا۔
آئی سی سی کے مطابق دونوں کھلاڑیوں نے ضابطہ اخلاق کی شق 2.5 کی خلاف ورزی کی جو کسی بلے باز کے آؤٹ ہونے کے بعد ایسے الفاظ، حرکات یا اشاروں سے متعلق ہے جو اشتعال انگیز یا غیر مناسب سمجھے جائیں۔خرم شہزاد پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ بھی عائد کیا گیا جبکہ محمد عباس کو باضابطہ وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا۔
دونوں کھلاڑیوں نے میچ ریفری جیف کرو کی جانب سے تجویز کردہ سزاؤں کو قبول کرلیا جس کے باعث باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔ آئی سی سی قوانین کے تحت اگر کوئی کھلاڑی 24 ماہ میں چار یا اس سے زیادہ ڈیمیرٹ پوائنٹس حاصل کرتا ہے تو اسے معطلی کے پوائنٹس میں تبدیل کر دیا جاتا ہے جس کے نتیجے میں پابندی بھی لگ سکتی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 2 سے 6 اگست تک پورٹ آف اسپین میں کھیلا جائے گا۔