ایران جانے کی کوشش کرنے والے 14 افغان شہریوں کی لاشیں صحرا سے برآمد ہوگئیں۔لاشیں ریت میں دبی ہوئی تھیں۔
غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق 14 افغان شہری گاڑی کے ذریعے ایران جانے کے لیے نکلے تھے۔ افغانستان کے جنوب مغربی صحرا میں ان کی گاڑی خراب ہوگئی۔ ان افراد نے گاڑی خراب ہونے کے بعد پیدل سفر جاری رکھا۔ افغان صوبے نیمروز میں ان افراد کی تلاش کئی ہفتوں سے جاری تھی۔
حکام کے مطابق ایران جانے کی کوشش کرنے والے افراد کی تلاش اس وقت شروع کی گئی جب ان افراد کو لے جانے والی گاڑی کا ڈرائیور شدید پیاس اور تھکن کی حالت میں ایک گاؤں پہنچا اور مدد مانگی۔ ابتدا میں 5 لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔
غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق نیمروز افغانستان کے گرم ترین اور خشک ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے جہاں اس وقت درجہ حرارت تقریباً 45 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب رہتا ہے۔