گڈز ٹرانسپورٹرز نے 8 اگست سے غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان کردیا۔
کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھر کی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز متفقہ طور پر مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رکھیں گی۔ ٹرانسپورٹرز کے اہم مطالبات میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین ختم کرکے ماہانہ بنیاد پر مقرر کرنا اور حالیہ اضافے واپس لینا شامل ہے۔ اس کے علاوہ ٹول ٹیکس میں اضافہ فوری واپس لے کر 30 جون 2024 کی سطح پر لانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چارٹر آف ڈیمانڈ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو پیش کر دیا گیا ہے اور مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں ہڑتال جاری رہے گی۔ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز نے وزیر پیٹرولیم پرویز علی ملک سے استعفیٰ کا بھی مطالبہ کیا۔
دوسری جانب منی مزدا ایسوسی ایشن نے بھی گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔