دنیا کی مشہور ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے گوگل ارتھ میں متعارف کرایا گیا نیا مصنوعی ذہانت (اے آئی) فیچر صرف ایک دن بعد ہی واپس لے لیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق گوگل نے یہ فیصلہ اس وقت کیا جب صارفین نے اے آئی سے تیار کردہ ایسی تصاویر شیئر کرنا شروع کر دیں جو گوگل کی پالیسیوں کی خلاف ورزی کررہی تھیں۔
گوگل ارتھ کے پروڈکٹ مینیجر برائن ہورووٹز نے ایک بیان میں کہاکہ لوگ گوگل ارتھ پر دنیا کا قابلِ اعتماد منظر دیکھنے کے لیے بھروسہ کرتے ہیں۔ کمپنی نے دیکھا کہ جغرافیائی ماہرین اس فیچر کو کئی مفید مقاصد کے لیے استعمال کر رہے تھے لیکن کچھ صارفین نے ایسی تصاویر شیئر کیں جو کمپنی پالیسیوں کے خلاف معلوم ہوتی ہیں۔ اسی لیے کمپنی مضبوط حفاظتی اقدامات (گارڈ ریلز) نافذ ہونے تک اس فیچر کو عارضی طور پر واپس لے رہی ہے۔
یہ فیچر گوگل کے نینو بنانا 2 اے آئی ماڈل سے چلتا تھا جس کے ذریعے صارف صرف ایک تحریری ہدایت (پرامپٹ) لکھ کر دنیا کے کسی بھی مقام کی حقیقت سے قریب تر تصاویر تیار کر سکتے تھے۔ یہ تصاویر گوگل ارتھ میں موجود سیٹلائٹ، فضائی اور تھری ڈی ڈیٹا کی بنیاد پر بنائی جاتی تھیں۔
کمپنی کے مطابق وہ اس فیچر کو مزید محفوظ بنانے کے لیے نئے حفاظتی اقدامات پر کام کر رہی ہے جس کے بعد اسے دوبارہ متعارف کرایا جا سکتا ہے۔