کراچی: میر علی رضا کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سول جج اینڈ جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کے احکامات پر پولیس سرجن کراچی نے میر علی رضا کی قبر کشائی کے لیے 8 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا تھا، جس میں فرانزک ایکسپرٹ، فرانزک آئیڈینٹیفکیشن ایکسپرٹ، پیتھالوجسٹ اور میڈیکو لیگل ماہرین شامل تھے۔ قبر کشائی 7 اگست کو عدالتی نگرانی میں کی جانی ہے۔
اس دوران آئی جی سندھ جاوید عالم اڈھو نے حکم جاری کرتے ہوئے پولیس سرجن کی جانب سے تشکیل دیے گئے 8 رکنی میڈیکل بورڈ کو تحلیل کرنے کی ہدایت کی۔ اپنے حکم میں آئی جی سندھ نے کہا کہ قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے قواعد و ضوابط کے مطابق نیا 4 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے، تاکہ کارروائی قانونی تقاضوں کے مطابق مکمل کی جا سکے۔
آئی جی سندھ کے حکم کے بعد پولیس سرجن کے دفتر کی جانب سے بورڈ کی ازسرنو تشکیل کے لیے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ عدالتی احکامات کے مطابق قبر کشائی کل صبح 9 بجے کی جائے گی جبکہ پوسٹ مارٹم اور فرانزک معائنے کے بعد میڈیکل بورڈ اپنی رپورٹ متعلقہ عدالت میں جمع کرائے گا۔