برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں عوامی شکایت پر فلم دی ممی کے تشہیری پوسٹرپر پابندی عائد کر دی گئی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ہارر فلم دی ممی کے پوسٹر میں ایک کم عمر بچی کا چہرہ دکھایا گیا ہے جس کی سرمئی رنگت، پھٹے ہوئے ہونٹ اور سر کے ایک حصے پر ممی کی پٹیاں نظر آ رہیں جس کے باعث وہ مردہ بچی کا تاثر دے رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پوسٹر کی نمائش کے بعد تقریباً 30 افراد نے شکایت کی کہ یہ تصویر عوامی مقامات خصوصاً لندن انڈرگراؤنڈ پر آویزاں کرنے کے لیے حد سے زیادہ خوفناک ہے اور اس سے بچوں پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔
ایڈورٹائزنگ اسٹینڈرڈز اتھارٹی نے عوامی موقف تسلیم کرتے ہوئے فیصلہ دیا کہ یہ اشتہار خصوصاً کم عمر بچوں کے لیے پریشان کن ثابت ہو سکتا ہے لہٰذا اسے عوامی مقامات، بشمول لندن انڈر گراؤنڈ پر آویزاں نہیں کیا جانا چاہیے۔
دوسری جانب فلمی اسٹوڈیو کا کہنا ہے کہ پوسٹر ذمے داری کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔ اس میں نہ تشدد دکھایا گیا ہے اور نہ ہی کوئی خوفناک منظر جبکہ بچی کے چہرے پر بھی کوئی جذباتی اظہار موجود نہیں تھا۔ ایڈورٹائزنگ اسٹینڈرڈز اتھارٹی نے اس مؤقف سے اتفاق نہیں کیا اور قرار دیا کہ پوسٹر دیکھنے والے بہت سے افراد اسے ایک حقیقی مردہ بچی کی تصویر سمجھ سکتے ہیں۔