پاکستان کے مشہور گلوکار اوراداکار عاطف اسلم کا کہنا ہے کہ مجھے کچھ معلوم نہیں کہ میں کیسے کامیاب ہوا۔
بھارتی یو ٹیوب چینل کو انٹرویو میں گلوکار عاطف اسلم نے کہا کہ میں نے کبھی موسیقی چھوڑنے یا گائیکی سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بارے میں نہیں سوچا۔ کبھی کبھی تخلیقی جمود آجاتا ہے اور ایک فنکار کے لیے یہ بھی ضروری ہے۔
عاطف اسلم نے مزید کہا کہ لوگ اس کامیابی کو محنت کا نتیجہ قرار دیتے ہیں لیکن کوئی خاص محنت نہیں تھی، اللّٰہ آپ کو وہیں لے جاتا ہے جہاں وہ آپ کو دیکھنا چاہتا ہے۔ شہرت یا کامیابی بس یہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک وقت ایسا آتا ہے جب آپ خود کو خالی محسوس کرتے ہیں۔ ایک فنکار کی حیثیت سے آپ کو ایسے مرحلے اور دور سے گزرنا پڑتا ہے جہاں تخلیقی جمود کا سامنا ہوتا ہے۔ آپ کچھ لکھ نہیں پاتے لیکن پھر ایک وقت آتا ہے جب آپ کو محسوس ہوتا ہے کہ جام بھر چکا ہے۔ آپ خاموشی سے بیٹھتے ہیں اور اللّٰہ کا شکر ادا کرتے ہیں اور اس کیفیت سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔