حب میں پانی کا بحران سنگین ہونے سے 300 صنعتوں کی بندش اور ہزاروں ورکرز کے بے روزگار ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حب چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر اسماعیل ستار اور صدر یعقوب کریم نے وزیراعظم شہباز شریف سے فوری مداخلت کرتے ہوئے علاقے میں پانی کی فوری فراہمی کی اپیل کی ہے۔
اسماعیل ستار نے مقامی اخبار سے گفتگو میں کہا کہ حب ڈیم تقریباً بھر جانے کے باوجود صنعتیں، کسان اور عوام اپنے جائز حصے کے پانی سے محروم ہیں جس کے باعث صنعتی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں جبکہ زرعی زمینیں مطلوبہ مقدار میں پانی نہ ملنے کے باعث خشک سالی کے دہانے پر پہنچ چکی ہیں اور لاکھوں شہری بھی شدید مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر حب کی صنعتوں اور آبادی کو ان کی ضرورت کے مطابق پانی فراہم نہ کیا گیا تو آئندہ چند ہفتوں میں متعدد صنعتی یونٹس کی بندش سے ہزاروں خاندانوں کا روزگار خطرے میں پڑجائے گا اور قومی معیشت کو بھی شدید دھچکا پہنچے گا۔حب بلوچستان کا سب سے بڑا صنعتی مرکز ہے جہاں سے حکومت کو سالانہ 7ارب روپے سے زائد ٹیکس حاصل ہوتا ہے۔