بھارت کے مشہور گلوکار سونو نگم نے اسپتال میں سرجری کے دوران محمد رفیع کا گانا گا کر سب کو حیران کردیا۔
سونو نگم نے اپنے سوشل میڈیا پر سرجری کی ویڈیو شیئرکردی جو وائرل ہوگئی۔ ویڈیو میں سونو کو آپریشن تھیٹر میں لیٹے دیکھا جاسکتا ہے جہاں طبی عملہ ان کی سرجری میں مصروف ہے۔ اسی دوران گلوکار نے درد اور تکلیف سے توجہ ہٹانے کے لیے ڈاکٹرز اور ان کی ٹیم کے سامنے اچانک مختصر میوزیکل پرفارمنس پیش کردی۔
سونو نگم نے 1949 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’دلاری‘‘ کا مقبول گیت ’’سہانی رات ڈھل چکی، نہ جانے تم کب آؤ گے‘‘ گایا۔ یہ گانا برصغیر کے لیجنڈری گلوکار محمد رفیع نے گایا تھا۔
گلوکار نے ویڈیو کے ساتھ شیئر کیے گئے کیپشن میں بتایا کہ انہوں نے سرجری کے دوران ڈاکٹر اور ان کی ٹیم کے لیے اچانک گانا گانے کا فیصلہ کیا۔ ان کے مطابق درد کے عالم میں بھی گانا گانا موسیقی سے ملنے والی خوشی کا اظہار ہے۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو مداحوں نے سونو نگم کے حوصلے اور آواز کی خوب تعریف کی۔ صارفین نے گلوکار کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات اور دعائیں بھی کیں۔