کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا کے قتل کیس کی تحقیقات میں اہم تفصیلات سامنے آگئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لاش ملنے کے مقام کے قریب واقع مسجد پر نصب کیمرے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی تفتیشی حکام کو موصول ہوگئی ہے جس سے جائے وقوعہ پر پولیس اور ایمبولینس کی آمد سمیت دیگر اہم تفصیلات واضح ہوگئی ہیں۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق میر رضا کی لاش 29 جولائی کو ملی تھی۔ سی سی ٹی وی فوٹیجز سے معلوم ہوا ہے کہ لاش سب سے پہلے ایک مالی نے دیکھی جس نے صبح 11 بج کر 52 منٹ پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس کے 2 اہلکار موٹرسائیکل پر جائے وقوعہ پر پہنچے جس کے بعد پولیس موبائل بھی موقع پر پہنچ گئی۔
تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ ایمبولینس دوپہر 12 بج کر 50 منٹ پر جائے وقوعہ پر پہنچی، جبکہ لاش کو ایک بج کر 46 منٹ پر وہاں سے لے جایا گیا۔لاش ملنے کے بعد 2 گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے باوجود کرائم سین یونٹ جائے وقوعہ پر نہیں پہنچا تھا، جس کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق میر رضا کے لاپتہ ہونے سے ایک روز قبل یعنی 28 جولائی کو اسی مقام پر مالی نے پانی دیا تھا تاہم اس وقت وہاں کوئی لاش موجود نہیں تھی۔ تفتیش کار لاش ملنے کے مقام اور اس کے اطراف میں جیوفینسنگ بھی کروا چکے ہیں، جبکہ مزید سی سی ٹی وی فوٹیجز کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔