loader-image
Karachi, PK
temperature icon 27°C
30-Aug-2026
15-Rabi' al-Awwal-1448
×
loader-image
Karachi, PK
temperature icon 27°C
30-Aug-2026
15-Rabi' al-Awwal-1448

جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے قریب 5.9 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 37 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ٹرین سروس سمیت معمولات زندگی متاثر ہوئے۔ حکام کے مطابق زلزلے کی گہرائی 68 کلومیٹر تھی اور سونامی کا کوئی خطرہ نہیں تھا۔ امریکی جیولوجیکل سروے نے زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی۔

غیرملکی میڈیا نے جاپانی محکمہ موسمیات کے حوالے سے بتایا کہ  زلزلہ اتوار کی رات مقامی وقت کے مطابق 2 بجے جنوبی ایباراکی پریفیکچر میں آیا جس کے شدید جھٹکے ٹوکیو اور اس کے گردونواح میں محسوس کیے گئے۔

زلزلے کے بعد جاپان کے وارننگ سسٹمز فعال ہوگئے اور متاثرہ علاقوں میں سائرن بجنے کے ساتھ شہریوں کے موبائل فونز پر بھی ہنگامی اطلاعات موصول ہوئیں۔

جاپان کی فائر اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق زلزلے سے زخمی ہونے والے 37 افراد میں زیادہ تر کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں۔ زلزلے کے باعث ٹوکیو کے مختلف علاقوں میں علاقائی ٹرین سروس بھی متاثر ہوئی جبکہ سائیتاما میں ایک عمارت کو معمولی نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے۔ ٹوکیو کے ایک علاقے میں پانی کی پائپ لائن پھٹنے کی بھی اطلاع ملی۔

جاپانی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ حالیہ شدید بارشوں کے باعث متاثرہ علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ حکام نے آئندہ چند دنوں کے دوران زلزلے کے آفٹر شاکس کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔

تبصرہ کریں۔اور شئیر کریں