پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ سینئر کھلاڑی کو باہر بٹھانے میں کوئی برائی نہیں۔جوٹیم کے لیے بہتر ہوگا وہی پلیئنگ الیون کا حصہ بنے گا۔
انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم میں کوئی کھلاڑی غیر اہم نہیں۔ بعض اوقات کسی کھلاڑی کو اعتماد دینے کے لیے بھی موقع دیا جاتا ہے۔ یہ درست ہے کہ اچھی پارٹنرشپ کے بعد اچانک وکٹیں گر جاتی ہیں۔ ٹیم اس خامی کو دور کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پوری پلیئنگ الیون پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ ایسا نہیں ہوسکتا کہ بولرز مخالف ٹیم کے تمام 20 کھلاڑیوں کو آؤٹ کریں اور بیٹرز اپنی ذمہ داری پوری نہ کریں۔
بابر اعظم نے اپنی فٹنس سے متعلق بتایا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور لارڈز ٹیسٹ میں ایکشن میں ہوں گے۔ انگلینڈ کو تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔